بھٹکل، 12/اپریل (ایس او نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بالاخر کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے 189 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی جس کے مطابق وزیراعلی بسوراج بومئی اپنی روایتی شیگاؤں سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یو رپا کے بیٹے بی وائی وجیندر اپنے والد کے شکاری پورہ حلقہ سے انتخاب لڑیں گے، جب کہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی اپنی روایتی چکمگلور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور کرناٹک کے انچارج ارون سنگھ نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
ارون سنگھ کے مطابق سینٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں نے کئی دور کی میٹنگیں کیں اور اس کے بعد امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے 52 نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے۔ ان کے مطابق 189 امیدواروں کی فہرست میں 32 دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے ہیں جب کہ 30 درج فہرست ذات اور 16 درج فہرست قبائل سے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کی پہلی فہرست میں کل آٹھ خواتین کو جگہ ملی ہے۔ارون سنگھ نے کہا کہ فہرست میں پانچ وکلاء، نو ڈاکٹر، تین اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے، ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم اور ایک ریٹائرڈ انڈین پولیس سروس افسر کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے والے تین ملازمین اور آٹھ سماجی کارکنوں کو اس میں جگہ دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل 13 اپریل سے شروع ہوگا اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہے۔ کرناٹک میں جے پی نے اسمبلی کی کل 224 سیٹوں میں سے کم از کم 150 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔